ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ماہِ ستمبر سے ہر مہینے کے آخری اتوار کو ہوا کرے گی ’’دارالاصلاح گوا‘‘ کی ’’اصلاحی اسمبلی میٹنگ‘‘

ماہِ ستمبر سے ہر مہینے کے آخری اتوار کو ہوا کرے گی ’’دارالاصلاح گوا‘‘ کی ’’اصلاحی اسمبلی میٹنگ‘‘

Tue, 23 Aug 2016 18:47:36    S.O. News Service

مڈگاؤں، 23؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا امامس کونسل گوا کی صوبائی میٹنگ بلائی گئی۔ جس میں کونسل سے متعلق ہر شہر کے ذمہ داران نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں بہت سے ملکی حالات پر گفتگو و شنید کے بعد گوا کے عائلی اور سماجی حالات پر خصوصی طور پر بحث کی گئی۔ پورے گوا میں کونسل کی یونٹ فورمیشن کے ساتھ لیڈر شپ پروگرامس اور مقاصد شرعیہ کانفرنس کے سلسلے میں اہم فیصلے لیے گئے ۔آل انڈیا امامس کونسل کے نیشنل جنرل سکریٹری (قومی ناظم عمومی، وگوا امامس کونسل انچارج) مفتی حنیف احرارؔ سوپولوی نے خصوصی طور پر اس میٹنگ میں شرکت کی۔ انھوں نے حال ہی میں دہلی میں ہوئی ’’مقاصد شریعہ نیشنل کانفرنس‘‘ کی افادیت پر گفتگو کی ، جس میں پورے ملک سے ڈھائی سو سے زائد مفتیانِ کرام اور علماء عظام نے شرکت کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ : ’’موجودہ حالات میں مقاصد شریعہ کو سمجھنا اور سمجھانا بہت ضروری ہو گیا ہے؛ اس لیے اس نوعیت کی کانفرنسیں ہر صوبہ میں منعقد کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے‘ ‘۔ مفتی حنیف احرارؔ قاسمی نے کہا کہ : ’’آل انڈیا امامس کونسل کا مقصد امت مسلمہ کے عائلی اور سماجی ہر تقاضے کو بر وقت پورا کرنا ہے۔ یہ کونسل دینی، تعلیمی، سماجی،معاشی اور سیاسی ہر فیلڈ میں امت مسلمہ کی صحیح رہنمائی کو اپنا نصب العین بنا کر عملی طور پر کام کر رہی ہے۔ جس کے لیے پورے ہندستان میں ’’آل انڈیا امامس کونسل‘‘ ایک متعارف نام بن چکی ہے‘‘۔ 
کونسل کے ریاستی صدر مفتی نور محمد قاسمی نے کہا کہ :’’مسلم سماج میں بڑھتے مسائل اور آئے دن روز افزوں گھریلو اختلافات ہمارے لیے ایک چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ایک مسلمان اپنا پرسنل مسئلہ ’’نکاح، طلاق، خلع اور وراثت جیسے عام مسائل کو بھی کورٹ میں ڈال کر مدتوں دونوں فریق پریشان رہتے ہیں، جس کی وجہ سے مسلم سماج کے حالات خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں؛ اس سمت میں اقدام کرنا وقت کا تقاضہ ہے ‘‘۔آل انڈیا امامس کونسل گوا کے ریاستی نائب صدر مولانا الطاف حسین قاسمی نے کہا کہ : ’’جب تک عملی طور پر ملی مسائل کو پرسنل کی روشنی میں حل نہیں کیا جانے لگے گا،تب تک مذہبی سہولیات اور دینی میسرات کا احساس لوگوں میں نہیں جگ سکتا ہے؛ اس کے لیے ’’دارالاصلاح‘‘ کو عملی طورپر فعال بنانے کی ضرورت ہے‘‘۔ کونسل کے ریاستی جنرل سکریٹری مولانا محمد یونس نے کہا کہ: ’’آل انڈیا امامس کونسل ہراسٹیٹ میں اپنی ہمہ جہت سرگرمیوں کے ساتھ امت کے سماجی اور مذہبی مسائل کے شرعی حل کے لیے ’’دارالاصلاح‘‘ بھی چلاتی ہے۔ جس میں ہر کسی کو آکر اپنے مسائل رکھنے اور مسائل کا شرعی حل حاصل کرنے کا پورا اختیار ہوتا ہے۔ گوا میں ’’دارالاصلاح‘‘ بہت پہلے سے قائم ہے ، جس کو اب منظم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اب ان شاء اللہ ستمبر سے ہر مہینے کے آخری اتوار کو ’’دارالاصلاح گوا‘‘ کی بیٹھک مڈگاؤں اسٹیٹ آفس میں ہوا کرے گی، جس میں ’’دارالاصلاح‘‘ سے متعلق مفتیانِ کرام، متدین وکلاء اور سماجی کارکنان کی موجودگی میں عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ امید ہے کہ عوام اس کارِ خیر میں ہمارا تعاون کریں گے‘‘۔ انھوں نے یہ بھی بتایاکہ’’گوا میں بہت جلد آل انڈیا امامس کونسل کی جانب سے ہونے والی’’مقاصدشریعہ کانفرنس‘‘ کابھی اعلان کیا جائے گا۔ 


Share: